بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے بجٹ 27-2026 میں خصوصی روزگار اور ترقیاتی پروگرام شامل کرنے کا فیصلہ، گورنر بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ آئندہ سالانہ بجٹ 27-2026 میں بلوچستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی طور پر ایک تبدیلی کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل کے معمار اور ترقی کے عمل میں اہم شراکت دار سمجھتے ہوئے ان کے کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمنٹرینز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں شدید غربت اور بے روزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار نئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے خصوصی پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور جدید کیریئر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمنٹرینز کو فوری روزگار فراہم کرنے والے پروگرامز پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بولان میڈیکل یونیورسٹی میں دس سے زائد میڈیکل کورسز اور ڈپلومہ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں، جن کی تکمیل کے بعد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید مہارتوں کے فروغ کے لیے پروگرامز متوازی طور پر جاری ہیں، جن میں پروفیشنل ٹریننگ، آن لائن آئی ٹی کورسز اور میڈیکل ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ معیاری تعلیم کو جدید ہنر کی تربیت کے ساتھ مربوط کر کے نوجوانوں کو ایک فعال جاب مارکیٹ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت اور انہیں بااختیار بنا کر ایک ایسا مستقبل تشکیل دیا جائے گا جو نہ صرف تعلیم یافتہ بلکہ متحرک اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔

WhatsApp
Get Alert