’دن کٹتا نہیں،‘ شیخ رشید احمد کا 50 سال بعد دوبارہ وکالت شروع کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے 50 سال بعد دوبارہ وکالت شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل کو شیخ رشید احمد نے اپنے وکالت کے لائسنس کی بحالی کے لیے درخواست دے دی۔
درخواست جمع کرانے سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ 50 سال بعد ایک عجیب فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سردار رازق ایڈوکیٹ کے توسط سے اپنے لائسینس کی بحالی کے لیے درخواست دینے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کا لائسینس بحال ہوا تو وہ سردار رازق ایڈوکیٹ کے چیمبر میں بیٹھیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ’دن کٹتا نہیں ہے، سارار دن گزارنا بڑا مشکل ہوتا ہے اس لیے میں نے وکالت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وہ بار کی سیاست نہیں کریں گے بلکہ چیمبر میں بیٹھیں گے۔
