غیر قانونی معدنیات کی کان کنی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی: اسسٹنٹ کمشنر لورالائی

لورالائی(قدرت روزنامہ)اسسٹنٹ کمشنر تحصیل مخیتر یحییٰ خان کاکڑ کی زیر صدارت ضلع میں غیر قانونی معدنیات کی کان کنی کے خلاف کریک ڈاو¿ن تیز، ملوث عناصر کو سخت وارننگ لورالائی: ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں غیر قانونی معدنیات کی کان کنی، سرکاری وسائل کی غیر قانونی لوٹ مار اور معدنی ذخائر کے غیر مجاز استعمال کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے اور کسی کو بھی قومی وسائل کے غیر قانونی استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر تحصیل مخیتر یحییٰ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کو آخری وارننگ دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی سرگرمیاں بند کر دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
متعلقہ محکمے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے مختلف علاقوں میں نگرانی اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر معدنیات نکالنے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں مسلسل سرویلنس اور انسپیکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کارروائیوں کے دوران غیر قانونی مشینری، گاڑیوں اور معدنیات کی غیر مجاز ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ ماحولیات، مقامی انفراسٹرکچر اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرات کا باعث بنتی ہے۔
اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی معدنیات کی کان کنی یا سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال سے متعلق معلومات متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف موثر اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی معدنی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ذمہ داران کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ضلع لورالائی میں قانون کی بالادستی اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
