ثاقب چدھڑ کی اہلیہ کا این سی سی آئی اے میں سنسنی خیز بیان سامنے آگیا

شوہر نے مومنہ اقبال کو ایک کروڑ کی شاپنگ کرائی، فارچیونر لیجنڈر، ہنڈا سوک گاڑی اور رولیکس گھڑی تحفے میں دی؛ ایم پی اے کی اہلیہ کا دعویٰ


لاہور(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے صوبائی اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے مابین جاری ہائی پروفائل تنازعہ میں اب ایم پی اے کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے مابین جاری قانونی و سماجی جنگ میں ایم پی اے کی اہلیہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے این سی سی آئی اے کے سامنے پیش ہو کر اپنے شوہر کی جانب سے اداکارہ پر مبینہ طور پر لٹائی جانے والی کروڑوں روپے کی دولت اور پرتعیش تحائف کی فہرست پیش کردی۔
ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے اپنے آفیشل بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر نے اداکارہ مومنہ اقبال کی آسائشوں پر پانی کی طرح پیسہ بہایا، انہوں نے انکشاف کیا کہ ثاقب چدھڑ نے اداکارہ مومنہ اقبال کو لاہور کے مشہور بی اسمارٹ اسٹور سے ایک کروڑ روپے کی خطیر رقم کی مہنگی اور پرتعیش شاپنگ کرائی۔
بتایا گیا ہے کہ بیان میں صرف شاپنگ ہی نہیں بلکہ اداکارہ کو دی جانے والی قیمتی گاڑیوں اور برانڈڈ اشیاء کی تفصیلات بھی سامنے لائی گئی ہیں، ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے شوہر نے مبینہ طور پر اداکارہ مومنہ اقبال کو کروڑوں روپے مالیت کی چمکتی دمکتی فارچیونر لیجنڈر گاڑی تحفے میں دی، اس کے علاوہ ایک اور قیمتی ہنڈا سوک گاڑی بھی اداکارہ کو گفٹ کی گئی، گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اداکارہ کو دنیا کے مہنگے ترین برانڈز میں شمار ہونے والی رولیکس گھڑی بھی تحفے کے طور پر پیش کی گئی۔
قبل ازیں ایم پی اے ثاقب چدھڑ نے اپنے بیان میں اداکارہ کے اکاؤنٹ میں 83 لاکھ روپے منتقل کرنے اور ان کی بہن پر بلیک میلنگ کے الزامات لگائے تھے، جب کہ ایم پی اے کی اہلیہ کا یہ بیان واضح کرتا ہے کہ یہ معاملہ محض ہراساں کرنے کا نہیں بلکہ کروڑوں روپے کے مالیاتی لین دین اور شاہانہ تحائف کے گرد گھوم رہا ہے، سائبر کرائم ایجنسی اب میاں، بیوی اور اداکارہ کی جانب سے سامنے آنے والے ان متضاد اور سنگین بیانات، بینکنگ ٹرانزیکشنز اور مبینہ تحائف کے دستاویزی ثبوتوں کی روشنی میں کیس کی تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert