ویوو کا 2022 کا پہلا اسمارٹ فون وائے 21 ٹی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ویوو نے 2022 کا آغاز وائے سیریز کے مڈرینج فون وائے 21 ٹی کو متعارف کراکے کیا ہے . پہلے توقع کی جارہی تھی کہ یہ نیا اسمارٹ فون 3 جنوری کو بھارت میں متعارف کرایا جائے گا مگر کمپنی نے اسے انڈونیشیا میں پہلے پیش کیا .

بنیادی طور پر یہ وائے 33 ایس ہے مگر اس میں پراسیسر، اسکرین اور سیلفی کیمرا مختلف ہے . وائے 33 ایس میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 80 پراسیسر دیا گیا تھا جبکہ وائے 21 ٹی میں اسنیپ ڈراگون 680 پراسیسر موجود ہے .
اسی طرح وائے 33 ایس میں 6.58 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے موجود تھا جبکہ نئے فون میں 6.51 انچ کی اسکرین دی گئی ہے جو ایچ ڈی پلس ریزولوشن کو سپورٹ کرتی ہے . فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ ڈیزائن میں دیا گیا ہے . وائے 21 ٹی میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج فن ٹچ او ایس 12 سے کیا گیا ہے .
6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج فون کا حصہ ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے . 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر سائیڈ پر موجود ہے . فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے .
فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں . اس فون کو انڈونیشیا میں 215 ڈالرز (38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں