قومی فٹبال ٹیم کی کامیابی نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان فٹبال ٹیم کی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی اور چیمپئن بننے پر پوری قوم، کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان فٹبال ٹیم کی یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر قومی پرچم کو سربلند کرنا ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے اور اس کامیابی نے ملک میں فٹبال کے روشن مستقبل کی نئی امید پیدا کی ہے۔
انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر قیادت، واضح وژن اور اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان فٹبال ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی فٹبال ٹیم مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل کرے گی اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert