بلوچستان میں بھتہ خوری، خون ریزی اور قبضہ گیری عروج پر ہے، سیاسی کارکنوں اور ملازمین کو پرامن احتجاج کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، ، اصغر خان اچکزئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج انتہائی مشکل دور سے بلوچستان گزر رہا ہے، بھتہ خوری، خون ریزی اور غیر محفوظ شاہراہیں پریشان کن صورتحال اختیار کر گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی کے مختلف واقعات میں کئی سیاسی کارکنوں کو شہید کیا گیا اور الاٹمنٹ کے نام پر قبضہ گیری صوبے میں عروج پر ہے۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اصغر اچکزئی نے خبردار کیا کہ بلوچستان کے پشتون علاقوں میں سازش کے تحت ایسے حالات پیدا کیے جارہے ہیں جس سے لوگ بندوق اٹھا کر بلوچ طرز کی مزاحمت پر مجبور ہوں، اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور کسی بھی خون خرابے کی ذمہ داری آمرانہ قوتوں پر عائد ہو گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عوام اور سرکاری ملازمین کو ان کے حقوق کے لیے احتجاج نہیں کرنے دیا جا رہا، گرینڈ الائنس کے ملازمین کی گرفتاریاں اس کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظلم و جبر کے خلاف ان کی تحریک جاری رہے گی اور عنقریب بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد شروع کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert