مہاجرین کی نشستیں بندوق کے زور پر ختم نہیں ہو سکتیں، بلاول بھٹوکا ایکشن کمیٹی سے معاملہ سیاسی انداز میں حل کرنے پر زور

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیاکہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی غیر مشروط طور پر سرنڈر کرتی ہے، احتجاج ختم کرتی ہے تو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاسکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں مسائل پیدا کیے جارہے ہیں ، اشیاء خورونوش کی قلت ہورہی ہے، جو کشمیری احتجاج کررہے ہیں اس صورتحال میں جو کچھ ہورہاہے وہ پاکستان کی ساکھ اورکشمیرکازکو بھی نقصان پہنچارہاہے۔
بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا قانون ہاتھ میں لینے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے، پولیس ایکشن لے، ساتھ ہی پیغام دیا اس سے پہلےکہ ہمیں زبردستی کرنا پڑے قانون توڑنے والوں سے مظاہرین خود کو الگ کریں، احتجاج کرنے والے اپنی صفوں سے انتہا پسندوں کو الگ کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نےکہا مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ زیادہ متنازع ہو گیا ہے، یہ ایسا معاملہ نہیں جو حل نہ ہو سکے، مہاجرین کی نشستیں بندوق کے زور پر ختم نہیں ہو سکتیں، ہمارا اصولی موقف ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری ہی کریں گے، مہاجرین کی نشتستوں کا معاملہ دھمکیوں اور دھرنےکے بجائے بات چیت اور قانون سازی سے حل ہوگا۔ اس معاملے پر جتنا ایکشن کمیٹی کا حق ہے اتنا ہی مسلم کانفرنس اور دوسری جماعتوں کا حق ہے۔
بلاول بھٹو بولے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ اسی فیصد مکمل تھا، ہم مذاکرات سے انکاری نہیں ہیں، پُرامن طریقے سے سیاسی انداز میں مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، تمام مسائل کا حل پاکستان کے دائرے میں رکھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا مہاجرین کو ووٹ کا حق بھی دیا جانا چاہیے، اس پر کوئی رکاوٹ نہیں، اس طریقے سے دھمکیاں دے کر معاملہ مزید خراب کیا جا رہا ہے، میں زور دیتا ہوں کہ ایکشن کمیٹی سیاسی انداز میں معاملہ حل کرنے کی طرف جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا آزاد کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتا ہوں میں اسے مقبوضہ کشمیر بنتا نہیں دیکھنا چاہتا، اس معاملےکو ایک مرتبہ مکمل حل کرلینا چاہیے، بار بار وہاں کے عوام کو یرغمال نہیں بننے دینا چاہیے، مخصوص سیٹوں کی طرح مہاجرین کی سیٹوں کے معاملے پر نتائج کے تناسب سے نمائندگی دی جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا آزاد کشمیر کے چیلنجوں کا بھی مقابلہ کرنا ہے، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے، ریاست کو نشانہ بنائے تو ایکشن ہوگا۔
صدر زرداری نے وسطی ایشیا سے پاکستان میں اضافی پانی لانے کی بات کی ہے: بلاول
بلاول بھٹو نے کہا ہمیں پانی کے ذخائر میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے، پاکستان کو ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے سندھ طاس معاہدے کو نقصان ہو، صدر زرداری نے وسطی ایشیا سے پاکستان میں اضافی پانی لانے کی بات کی ہے، یہ پانی سندھ طاس معاہدے سے زیادہ ہوگا، خلیجی ممالک بھی وسطی ایشیا کے ممالک سے پانی لانےکی پلانگ کر رہے ہیں، صدر زرداری کی پانی لانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹونےحکومت کو ملک میں بڑے ڈیمز کے منصوبے جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا، ساتھ ہی مودی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پاکستان کا پانی بند کیا گیا تو پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے۔
اسرائیل اور بھارت ایران پرہونے والےحملوں پر خوشیاں منا رہے تھے: بلاول بھٹو
ایران اسرائیل جنگ سے پہلے مودی نیتن یاہو کا مہمان تھا، یہ مودی نیتن یاہو گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف ہے، اسرائیل اور بھارت ایران پر ہونے والے حملوں پر خوشیاں منا رہے تھے، اسرائیلی اپنی چھٹیاں مقبوضہ کشمیر میں مناتے ہیں، ایران امریکا معاہدے ہونے پر بھی یہ گٹھ جوڑ ختم نہیں ہوگا، جہاں فالٹ لائن ہیں ان کو ختم کیا جائے۔
پاکستان اس وقت دنیا کی نظروں میں ہے ، بھارت اور اسرائیل اب ہمیں زیادہ نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، احتجاج کرنے والے پاکستان اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم مودی کی سازشوں کو بلوچستان سے کے پی میں دیکھ رہے ہیں، ہم مودی کی تمام سازشوں کا مقابلہ کریں گے، بلاول نے کہا را کا ایجنٹ نہیں ہوں ،پاکستان کانمائندہ ہوں، پاکستان کے مفاد میں بات کر رہاہوں۔
