شوبز کی کمائی حلال یا حرام؟ نرگس نے اپنی کمائی کو ’پاک‘ قرار دے دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی فلم اور تھیٹر انڈسٹری کی سابق معروف اداکارہ و رقاصہ نرگس ایک مرتبہ پھر اپنے ایک بیان کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنی شوبز زندگی، مذہبی رجحانات اور مالی معاملات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی باقاعدگی کے ساتھ زکوٰۃ ادا کرتی رہی ہیں اور ان کے نزدیک زکوٰۃ انسان کے مال کو پاک کر دیتی ہے۔
انٹرویو میں نرگس نے بتایا کہ انہوں نے 1992 میں کمانا شروع کیا تھا اور اس وقت سے آج تک کبھی اپنی آمدنی میں سے زکوٰۃ نکالے بغیر رقم گھر نہیں لے گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے یقین کے ساتھ سمجھتی ہیں کہ زکوٰۃ نہ صرف ایک دینی فریضہ ہے بلکہ انسان کی کمائی میں برکت اور پاکیزگی بھی پیدا کرتی ہے۔
سابق اداکارہ نے اپنے فنی سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے پیشے کو سنجیدگی اور ذمے داری کے ساتھ نبھایا۔ ان کے بقول وہ اپنے کام کو عبادت سمجھ کر انجام دیتی تھیں اور ان کے کیریئر میں فحش رقص یا غیر مناسب پرفارمنس تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔
نرگس نے حالیہ حج کے سفر کا تذکرہ بھی کیا اور بتایا کہ دورانِ طواف لوگوں کی محبت، عزت اور اپنائیت نے انہیں جذباتی کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ نرگس ماضی میں لالی ووڈ اور تھیٹر کی نمایاں فنکارہ رہی ہیں۔ شادی کے بعد انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اب لاہور میں اپنا ذاتی کاروبار چلا رہی ہیں۔
نرگس کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کی زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلی اور مذہب کی جانب رجوع کو سراہا، جبکہ کچھ افراد نے زکوٰۃ اور شوبز کی کمائی سے متعلق ان کے مؤقف پر تنقیدی تبصرے بھی کیے۔
