پاکستان مسائل کے سفارتی حل کیلئے اپنا مخلصانہ اور ایماندارانہ کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ‘اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت’ کے فریم ورک کے تحت ہونے والے پہلے اعلیٰ سطح کے کمیٹی اجلاس کے کامیاب اختتام پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ، سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کے فریم ورک کے تحت اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا پہلا اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے مذاکرات کے احوال اور کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ تمام گفتگو انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں، ان نتائج میں 60 دنوں کے اندر حتمی امن معاہدے تک پہنچنے کے روڈ میپ پر اتفاق، سیاسی نگرانی فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی مشترکہ کمیٹی کا قیام اور مستقبل کے تکنیکی مذاکرات کا باقاعدہ آغاز شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم نے تعمیری روابط کا حصہ بننے پر امریکہ اور ایران دونوں ممالک کی قیادت کے عزم کو سراہا، اور اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں قیمتی مدد فراہم کرنے پر تمام برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے خاص طور پر برادر ملک قطر کا شکریہ ادا کیا جس نے ان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں کلیدی اور اہم ترین کردار ادا کیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس امن مشن کی کامیابی کا اصل سہرا عسکری قیادت کے سر سجاتے ہوئے لکھا کہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جن کی انتھک کوششوں نے ان مذاکرات کو کامیاب بنایا، ان کی لگن، عزم اور استقامت واقعی قابلِ ستائش ہے، جس کے بغیر اس عمل میں کوئی پیشرفت ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے سفارتی محاذ پر شاندار کارکردگی دکھانے پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دفترِ خارجہ کی ٹیم کو دلی مبارکباد اور شکریہ ادا کیا، وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی محنت کو بھی دل کھول کر سراہا اور کہا کہ انہوں نے ان مذاکرات کی کامیابی میں زبردست تعاون فراہم کیا۔ اپنے پیغام کے آخر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور مسائل کے سفارتی حل کے لیے اپنا مخلصانہ اور ایماندارانہ کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا۔
