موسیٰ خیل زلزلہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا اظہارِ افسوس، حکومت سے فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیاتوال اور صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 90 افراد کے زخمی ہونے اور متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی نے وزیراعلیٰ ہاؤس اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا، جنہوں نے آگاہ کیا کہ امدادی سامان متاثرہ علاقے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے، تاہم راستے بند ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی۔
بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کے علاج اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے لورالائی سے فوری طبی امداد طلب کی جائے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کی ضروریات سے حکومت کو بروقت آگاہ کیا جا سکے اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
بیان کے اختتام پر پارٹی قیادت نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ ضلع موسیٰ خیل، تحصیل کنگری، راڑاشم اور دیگر متاثرہ دیہات کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔
