ڈاکٹر یاسمین راشد کی وصیت اور تشویشناک صحت کی خبریں من گھڑت قرار
سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں؛ پی ٹی آئی رہنماء کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وضاحت

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مبینہ وصیت اور ان کی طبیعت کے حوالے سے پھیلی تشویشناک خبروں پر ان کے قانونی مشیر اور وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کا اہم وضاحتی بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ان تمام خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد بالکل خیریت سے ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی گرتی ہوئی صحت اور ان کی جانب سے لکھی گئی کسی مبینہ وصیت کے حوالے سے جو بھی پروپیگنڈا یا افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، ان میں کوئی صداقت نہیں۔
اس سلسلے میں رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ ایسی جھوٹی خبروں کا مقصد صرف اور صرف عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں تشویش اور سنسنی پھیلانا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلنے والی غیر تصدیق شدہ خبروں پر کان نہ دھرے جائیں اور صرف ان کی قانونی ٹیم یا فیملی کی طرف سے آنے والے بیانات پر ہی یقین کیا جائے۔
اسی حوالے سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل حکام سے رانا مدثر عمر کی تصدیق کے بعد یہ واضح کیا جاتا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی زندگی اور خیر و عافیت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس بالکل فیک اور گمراہ کن ہیں، وہ دونوں بالکل ٹھیک ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری دونوں ہی شدید اور بگڑتی ہوئی طبی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے عدالت اور جیل حکام اچھی طرح واقف ہیں اور ان کے علاج و معالجے اور ہسپتال منتقلی کے لیے پہلے ہی متعدد درخواستیں دی جا چکی ہیں، عدالت کی جانب سے آج ہونے والا جیل ٹرائل رواں ہفتے کے آخر تک مؤخر کر دیا گیا ہے، اس لیے آج ہماری ان سے ذاتی طور پر ملاقات نہیں ہو سکے گی۔
