بہترین موقع ہے خرید لو ورنہ! سولر پینلز، لیتھیم بیٹریز اور انورٹرز سب کچھ سستا ہوگیا

لاہور(قدرت روزنامہ)نئے مالی سال 2026-27 کے آغاز پر شہر قائد میں سولر انرجی استعمال کرنے والوں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے جہاں سولر سسٹمز کی مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سولر پینلز، لیتھیم بیٹریوں اور انورٹرز کی قیمتیں پہلے کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہو گئی ہیں جس سے صارفین کو ریلیف ملا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی کی الیکٹرانکس مارکیٹ میں سولر مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیتھیم بیٹریوں کی قیمتوں میں تقریباً 20 ہزار روپے تک کمی ہوئی ہے جبکہ انورٹرز کی قیمتیں بھی 10 ہزار روپے تک کم ہو گئی ہیں۔ اسی طرح سولر پلیٹس کی قیمتوں میں فی پلیٹ تقریباً 3 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل بعض ڈیلرز نے ممکنہ ٹیکسوں اور افواہوں کے باعث قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ کچھ کاروباری افراد نے زیادہ منافع کے لیے سولر مصنوعات کو اسٹاک بھی کر لیا تھا تاہم وفاقی بجٹ میں سولر سسٹمز پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہ ہونے کے بعد مارکیٹ کی صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق درآمدات میں اضافہ اور مارکیٹ میں وافر اسٹاک کی دستیابی کے باعث رسد اور طلب کا توازن بہتر ہوا ہے جس کے نتیجے میں قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب خریداروں کی جانب سے خریداری میں کمی نے بھی قیمتوں کو نیچے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مارکیٹ میں 585، 645 اور 720 واٹ کی سولر پلیٹس تقریباً 45 روپے فی واٹ کے حساب سے فروخت ہو رہی ہیں جبکہ چند روز قبل یہی قیمت تقریباً 50 روپے فی واٹ تھی۔ اسی طرح 5 کلو واٹ کی لیتھیم بیٹریاں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار روپے میں دستیاب ہیں جبکہ 3 سے 5 کلو واٹ کے انورٹرز کی قیمتیں 1 لاکھ 20 ہزار روپے سے 3 لاکھ روپے کے درمیان ہیں۔
تاجروں کے مطابق اگر موجودہ سپلائی برقرار رہی اور طلب میں غیر معمولی اضافہ نہ ہوا تو آئندہ دنوں میں سولر مصنوعات کی قیمتوں میں مزید استحکام یا معمولی کمی کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔
