توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کا جعلی شادی کی خبروں پر دلچسپ ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جب صبح میری آنکھ کھلی تو مجھے پتا چلا کہ میری شادی فرح سعدیہ سے ہو چکی ہے۔ تصویر بھی کمال کی بنائی گئی تھی، میں بڑا خوبصورت دلہا لگ رہا تھا اور فرح خوبصورت دلہن۔ اگر ہماری اس جعلی شادی کی خبر چلا کر آپ نے دو لاکھ روپے کما لیے ہیں تو کم از کم پچاس ہزار روپے سلامی ہی بھیج دیں، آخر آپ ہماری وجہ سے اتنی کمائی کر رہے ہیں۔ ویسے ہم دونوں اپنی اپنی زندگی میں خوش ہیں، میں نے سنگل رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے جبکہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ہمارے بس کی بات نہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف میزبان اور اداکار توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی اور فرح سعدیہ کی مبینہ شادی کی خبروں پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے یوٹیوبرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ان کے ساتھ موجود سینئر اداکارہ اور میزبان فرح سعدیہ نے بھی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ صرف اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔
حال ہی میں دونوں فنکاروں نے ایک مشترکہ ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ان افواہوں پر کھل کر بات کی جو مختلف یوٹیوب چینلز پر سنسنی پھیلانے اور ویوز حاصل کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔ ویڈیو کے آغاز میں دونوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “جی ہاں، ہماری شادی ہو چکی ہے، ہم چاہتے تھے کہ یہ خبر خود آپ کو دیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارے نام پر خبریں بنانے والے نام نہاد پروفیشنل یوٹیوبرز نے ہم سے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا۔”
اس موقع پر توثیق حیدر نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ جعلی تصاویر میں انہیں دلہا اور فرح سعدیہ کو دلہن بنا کر پیش کیا گیا، جسے دیکھ کر وہ خود بھی حیران رہ گئے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی فرضی شادی کی خبر سے اتنی اچھی آمدنی ہو رہی ہے تو اس میں سے کچھ حصہ انہیں بھی سلامی کے طور پر ملنا چاہیے۔
دوسری جانب فرح سعدیہ نے اس معاملے پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میں یہ خبر دیکھ کر واقعی حیران رہ گئی تھی، یقین ہی نہیں آیا کہ لوگ اس حد تک جا سکتے ہیں۔ اگر ہمارے نام پر جھوٹی خبریں بنا کر آپ اپنے چینلز چلا رہے ہیں تو کم از کم ہمیں بھی سلامی دے دیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بالکل مناسب رویہ نہیں۔ ہماری اپنی فیملیز ہیں، بچے ہیں، والدین ہیں، اور جب ایسی جھوٹی خبریں سامنے آتی ہیں تو لوگ ہم سے سوالات کرتے ہیں۔ خدا کے لیے کچھ شرم کریں اور دوسروں کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرنے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دیں۔ ہم صرف دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔”
توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کئی برسوں سے پاکستان ٹیلی ویژن کے اسلام آباد مرکز سے وابستہ رہے ہیں اور دونوں کا شمار ملک کے مقبول ترین مارننگ شو میزبانوں میں ہوتا ہے۔ سنجیدہ اور معلوماتی گفتگو کی وجہ سے ناظرین ہمیشہ ان کے پروگراموں کو پسند کرتے رہے ہیں۔ ٹی وی میزبانی کے ساتھ ساتھ دونوں مختلف ڈراموں میں بھی اداکاری کر چکے ہیں اور آج کل بھی متعدد کامیاب ڈراما سیریلز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی تصاویر اور بے بنیاد خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث کئی معروف شخصیات اس سے متاثر ہو چکی ہیں، تاہم توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے اس معاملے کو مزاحیہ انداز میں اٹھاتے ہوئے نہ صرف حقیقت واضح کی بلکہ جھوٹی خبروں کے ذریعے سنسنی پھیلانے والوں کو بھی آئینہ دکھا دیا۔
