جیل میں شوگر ڈاؤن ہونے پر ہاتھ کانپ رہے تھے، گڑ والی بوتل گر کر ٹوٹ گئی، مریم نواز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جیل میں میری شوگر ڈاؤن ہوئی تو ہاتھ کانپ رہے تھے گڑ والی بوتل گر کر ٹوٹ گئی۔
اسلام آباد میں جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ شوگر ڈاؤن ہوئی تو کوئی مدد کو نہ آیا، جیل میں گڑ والی بوتل ہاتھ سے گری تو زمین پر گرا ہوا گڑ اٹھا کر کھایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اڈیالہ جیل میں چوبیس گھنٹے قید تنہائی میں رکھا گیا اس کا ذہنی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے مجھے بخوبی اندازہ ہے، جیل کی تکالیف جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، میں اور والد نواز شریف ایک ساتھ قید تھے، اس دوران والدہ شدید بیمار ہوگئیں لیکن ہمیں نہ ملنے دیا گیا نہ ہی ان کے ساتھ بیٹھ سکتی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ کمرے میں ایک سائیڈ پر واش روم اور دوسرا حصہ سونے کے لیے تھا، جیل کے کمرے میں کوئی پارٹیشن نہیں تھا سمجھ نہیں آتی تھی جائے نماز کہاں بچھاؤں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیل میں احساس ہوا کہ ایک بے بس قیدی کیسا محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں تمام قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کردی ہے، صوبے بھر کی جیلوں میں نئی اور جدید ریفارمز متعارف کروائی ہیں، قیدیوں کی سہولت اور فوری مدد کے لیے ایمرجنسی بٹن بھی متعارف کروادیا ہے۔
