بلاول بھٹو کا انتخابی مہم کیلئے آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں جانے کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ریاست کے ہر ضلع میں جانے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، اور جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور سے وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی قیادت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آئندہ انتخابات کی مہم اور تنظیمی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر پارٹی چیئرمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت پر ہوئی جب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اہم رہنما بشمول سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس، وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، اور سابق وزیر صحت انصار انصر ابدالی ساتھیوں سمیت استعفیٰ دے کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

پارٹی صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام میرے دل کے انتہائی قریب ہیں اور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں کشمیر کے ہر ضلع کا خود دورہ کروں گا۔

انہوں نے پارٹی کی نظریاتی اساس پر زور دیتے ہوئے واضع کیا کہ مسئلہ کشمیر ہی وہ بنیاد ہے جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، اور انہوں نے خود پوری دنیا کے سامنے ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ مضبوطی سے لڑا ہے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی ہر مروجہ قوانین کے تحت ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے آزاد کشمیر کی قیادت کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں عوام سے رابطوں کا عمل فوری طور پر تیز کیا جائے اور آزاد جموں و کشمیر کے غیور عوام تک پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور (Manifesto) مؤثر طریقے سے پہنچایا جائے تاکہ آئندہ حکومت بنا کر عوامی ترقی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert