امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)انٹر بینک غیر ملکی زرِ مبادلہ مارکیٹ میں جمعہ کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی استحکام دیکھا گیا ہے اور مقامی کرنسی 0.01 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری دن کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 3 پیسے کی کمی کے بعد 278.12 روپے پر بند ہوئی۔ اس سے گزشتہ روز (جمعرات کو) ڈالر 278.15 روپے پر بند ہوا تھا۔
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں امریکی روزگار کی کمزور رپورٹ سامنے آنے کے بعد ڈالر انڈیکس میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈالر اپنے بدترین ہفتہ وار زوال کی طرف گامزن ہے۔
ڈالر کی اس عالمی کمزوری نے جہاں یورو، برطانوی پاؤنڈ اور جاپانی ین جیسی دیگر بین الاقوامی کرنسیوں کو سہارا دیا ہے، وہیں پاکستانی روپے پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
