پشاورمیں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مزید بارشوں کی پیشگوئی

پشاور(قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں بوندا باندی کے آغاز کے ساتھ ہی شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ شہر میں چلنے والی ٹھنڈی اور تیز ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
بارش شروع ہوتے ہی موسم میں واضح تبدیلی دیکھی گئی اور شہریوں نے شدید حبس اورگرمی سے وقتی نجات پراطمینان کا اظہارکیا۔
کئی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں، جس سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور سڑکوں پر معمول کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ہوا چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور درختوں، بجلی کے کھمبوں اور غیر محفوظ تعمیرات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث شہر میں موسم خوشگوار ہونے پر شہری پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کرنے لگے جبکہ کسانوں نے بھی بارش کو فصلوں کے لیے مفید قرار دیا۔
