فیفا ورلڈ کپ : مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دیکر پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی


ڈیلاس(قدرت روزنامہ)فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی ککس میں شکست دے کر پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مصر نے 4 اور آسٹریلیا نے 2 گول اسکور کیے۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں مصر اور آسٹریلیا نے پہلے ہاف میں ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے مگر کامیابی مصر کو ملی جس کے کھلاڑی امام عاشور نے 13ویں منٹ میں ہی گیند حریف ٹیم کے جال میں ڈال دی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک مصر کو0-1 کی برتری حاصل رہی۔
دوسرے ہاف کو شروع ہوئے 10 منٹ ہی ہوئے تھے کہ ایک موو پر مصر کے کھلاڑی محمد ہانی کی غلطی نے گیند اُن ہی کی ٹیم کے جال میں پہنچادی جس کے سبب مقابلہ1-1گول سے برابر ہوگیا۔

اس کے بعد کوئی ٹیم بھی مقررہ وقت میں مزید گول نہ کرسکی۔
اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی گول کرنے کی کوشش ناکام گئی۔ 15 ، 15 منٹ کے یہ دونوں ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوئے تو میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا ۔
اس سیشن میں آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی ساؤٹار اور ہیرنگٹن پنالٹی مس کر بیٹھے جبکہ مصر نے 4 کی 4 پنالٹیز پر گول کرکے راؤنڈ آف 16 میں پہلی مرتبہ جگہ بنالی ۔
پری کوارٹر فائنل میں مصر کا مقابلہ ارجنٹینا یا کیپ ورڈی سے ہوگا۔
تاریخی جیت کے بعد مصر کے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح کے آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے جبکہ آسٹریلوی کھلاڑی افسردہ دکھائی دیے۔

WhatsApp
Get Alert