ایل پی جی 550 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی

ملتان(قدرت روزنامہ)جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں ضلعی انتظامیہ کی مبینہ آشیرباد سے اوگرا کے سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگی ایل پی جی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اوگرا ذرائع کے مطابق لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، راجن پور سمیت کئی اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے اپنے الگ ریٹ رائج کر رکھے ہیں، جس کے باعث ان اضلاع میں ایل پی جی 500 سے 550 روپے فی کلو تک مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔ یہ قیمتیں اوگرا کے مقرر کردہ سرکاری نرخوں سے 250 روپے تک زیادہ ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے اوگرا ٹیم کو جواب دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ایل پی جی ڈیلروں کو 380 سے 400 روپے کلو تک فروخت کی اجازت خود دی ہے، کیونکہ اگر ایسا نہ کیا جائے تو ڈیلرز گیس کی مصنوعی قلت پیدا کر کے اسے مزید مہنگا فروخت کریں گے۔
تاہم اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے لیے ایل پی جی کے سرکاری ریٹس مقرر کرنا صرف اوگرا کا ہی آئینی اختیار ہے اور ضلعی انتظامیہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔ اوگرا کے پاس خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کرنے اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے دکانیں سیل کرنے کا پورا اختیار موجود ہے۔
اس صورتحال پر ایکشن لیتے ہوئے اوگرا نے پنجاب اور سندھ میں اوور چارجنگ پر ایل پی جی کے 9 پلانٹس کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور ان سے 7 روز کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔
