خضدار میں میر شفیق الرحمان مینگل پر دہشت گردانہ حملہ؛ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی شدید مذمت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے خضدار میں میر شفیق الرحمان مینگل پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کی باشعور عوام، قبائل اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں، جبکہ خضدار واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد ہی حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور حکومت، سیکیورٹی ادارے اور عوام باہمی تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
