بینک میں کتنا بیلنس رکھنے والوں کو منافع ملے گا؟ بڑی خبر آگئی

کراچی 0قدرت روزنامہ) بینک ڈپازٹس پر منافع کے قواعد سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا ، 1 کروڑ روپے تک اوسط بیلنس والے صارفین کو کم از کم منافع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی بینکوں کے ڈپازٹس پر کم از کم منافع کے قواعد میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ‘انویسٹ پاک’ کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ یہ نئی ہدایات یکم اگست 2026ء سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوں گی۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا کہ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں ریٹیل اور کارپوریٹ سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانا اور انہیں اپنے سرمائے پر بہتر منافع فراہم کرنا ہے۔

مرکزی بینک نے منافع کے قوانین کو واضح کرتے ہوئے کہا بینکوں میں ڈپازٹس پر کم از کم منافع کی شرط اب صرف انفرادی اکاؤنٹس پر لاگو ہوگی، بینکوں میں 1 کروڑ روپے تک کا اوسط ماہانہ بیلنس رکھنے والے انفرادی صارفین اس کم از کم منافع کے حقدار ہوں گے۔

کارپوریٹ یا ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے منافع کے قواعد میں نرمی کر دی گئی ہے، اور وہ اب براہِ راست سرکاری سیکیورٹیز میں اپنی سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

حکومتی سیکیورٹیز (ٹی بلز اور انویسٹمنٹ بانڈز) میں عوام اور کمپنیوں کی رسائی بڑھانے کے لیے ‘انویسٹ پاک’ پلیٹ فارم متعارف کروایا گیا ہے۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے ریٹیل اور کارپوریٹ دونوں طرح کے سرمایہ کار انتہائی آسان اور محفوظ طریقے سے حکومتی سیکیورٹیز میں انویسٹ کر سکیں گے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ ان ترامیم کے علاوہ بینکنگ سیکٹر کے لیے دیگر تمام موجودہ پرانی ہدایات اور قوانین بدستور برقرار رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert