نوجوان قیمتی سرمایہ، تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے: صدر، وزیراعظم

کراچی(قدرت روزنامہ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، لہذا نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری قومی ترقی کی ضمانت ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ زچہ و بچہ کی صحت اور غذائیت پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے، خواتین کو بااختیار بنائے بغیر قومی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق اور بااختیار بنانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آبادی اور ترقی کا باہمی تعلق ناگزیر ہے، تعلیم اور صحت میں سرمایہ کاری ضروری ہے، حکومت، پارلیمنٹ، سول سوسائٹی، علما، میڈیا اور تمام ادارے مشترکہ کردار ادا کریں،
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادیاتی صلاحیت کو قومی خوشحالی اور انسانی ترقی میں تبدیل کرنا ہوگا، ہر شہری کو وقار، صحت اور مساوی مواقع کی فراہمی ہمارا مشترکہ قومی عزم ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے، جبکہ وسائل سے ہم آہنگ آبادی ہی خوشحال معاشرے اور منصفانہ ترقی کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی یومِ آبادی ’نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک کے روشن مستقبل میں نوجوان کلیدی کردار رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے، جہاں 65 فیصد سے زائد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، تاہم آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافے سے تعلیم، صحت، روزگار، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی پائیداری جیسے شعبوں میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے اور جامع قومی حکمت عملی کی تشکیل کے لیے وفاقی حکومت نے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کی ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی، قومی آبادی پروگرام پر عمل درآمد اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت خواتین اور بچیوں کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیت مختلف قومی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، پارلیمنٹ، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبے، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے، ذمہ دارانہ والدین، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔
