لاہور میں نکاح کا جھانسہ: ہمسائے نے زیادتی کی اور نامناسب ویڈیوز بنائیں۔ بیوہ خاتون کی دہائی

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کی رہائشی تین بچوں کی ماں عائشہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شوہر کے انتقال کے بعد ان کے ہمسائے نے نکاح کا جھانسہ دے کر ان سے زیادتی کی، پھر کئی ماہ تک شادی کے وعدے کرتا رہا مگر اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ملزم نے نامناسب ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیوب پر ایک پوڈ کاسٹ کے دوران عائشہ نے کہا کہ ان کا شوہر تقریباً ایک سال قبل انتقال کر گیا تھا، جس کے بعد ملزم نے خاتون سے رابطہ بڑھایا اور وعدہ کیا کہ وہ باقاعدہ نکاح کرے گا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم رات کے وقت گھر میں داخل ہوا، زیادتی کی، ان کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور بعد ازاں خاتون کو خاموش رہنے پر مجبور کرتا رہا۔ خاتون نے الزام لگایا کہ ملزم نے ذہنی دباؤ کے دوران اسے مختلف انجیکشن بھی لگوائے اور مسلسل شادی کا یقین دلاتا رہا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے معاملہ سامنے لانے کی دھمکی دی تو ملزم کے بھائی نے ان کو دھمکیاں دیں، تشدد کیا اور کہا کہ پولیس اس کے اثر و رسوخ میں ہے۔ عائشہ کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع دینے پر اسے تھانے بلایا گیا، جہاں مبینہ طور پر پولیس کی موجودگی میں ملزم کے ساتھ نکاح پڑھوا دیا گیا، تاہم بعد میں ملزم غائب ہوگیا اور اس کے اہل خانہ نے اس نکاح کو ماننے سے انکار کر دیا۔

عائشہ کا کہنا ہے کہ انصاف نہ ملنے پر انہوں نے خودکشی کی بھی کوشش کی، تاہم بچوں کی وجہ سے رک گئی۔ بعد میں جب انہوں نے دوبارہ مدد کیلئے پولیس سے رابطہ کیا تو ایک پولیس افسر نے انصاف دلانے کے بدلے رات ساتھ گزارنے کا مطالبہ کیا۔ خاتون نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert