پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ “آپریشن شعبان” جاری، مزید 9 خارجی دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور بلوچستان پولیس کا مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اور مربوط کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 9 خارجی دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز راستوں میں چھپے دہشتگردوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 88 خارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف مختلف علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بھی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشتگردوں کی باقی ماندہ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کو پائیدار امن فراہم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
