خطے میں امن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف پھر سرگرم

ایرانی صدر اور امیر قطر سے اہم ٹیلی فونک رابطے، امریکہ ایران حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک بار پھر سفارتی محاذ پر سرگرم ہوتے ہوئے ایرانی صدر اور امیر قطر سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں، ان رابطوں میں خطے کی حالیہ نازک صورتحال اور کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باہمی وعدوں کی پاسداری پر زور دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران ’اسلام آباد اکارڈ‘ کے تحت باہمی وعدوں کی پاسداری کی اہمیت پر شدید زور دیا، انہوں نے کہا کہ ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقین کو خطے کے وسیع تر مفاد میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، جس پر ایرانی صدر نے خطے میں امن کے لیے ایران کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اس مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کی کھل کر تعریف کی۔ بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی امیر قطر سے سفارتی روابط پر گفتگو ہوئی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ بحران کے حل کے لیے سفارتی روابط اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ مسلسل جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔

WhatsApp
Get Alert