علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام سامنے آگیا، پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا دیا

پشاور (قدرت روزنامہ) سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق علی امین گنڈاپور نے آڈیو پیغام میں وفاق کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) پر تنقید کی، ملاکنڈ میں ٹیکس نفاذ اور پی ٹی آئی کی اے پی سی میں شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت وفاقی حکومت میں شامل پارٹیوں نے ملاکنڈ میں ٹیکس لگایا، وفاق اے پی سی بلا کر ملبہ ہمارے اوپر ڈال رہا ہے کہ صوبائی حکومت اقدامات کرے، جن لوگوں نے عمران خان اور پارٹی کو ووٹ دیا، ہم ان کو وفاق کی جھولی میں ڈال رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں یہ کون اور کس طرح کے فیصلے کر رہا ہے، کس کی مشاورت سے اے پی سی میں گئے؟ ملاکنڈ میں یہ ٹیکس 2018 کی نگراں حکومت کے دور میں لگا دیا گیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے پہلے کابینہ اجلاس میں یہ ایشو اٹھا کر اسی وقت ٹیکس ختم کر دیا تھا۔

سابق وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ پارٹی، نظریہ اور ان لوگوں پر رحم کھائیں جنہوں نے آپ کو پارلیمنٹ تک پہنچایا۔

WhatsApp
Get Alert