سعودی عرب جانے کا آسان راستہ کھل گیا، پاکستان سمیت 7 ممالک سیاحتی ویزا کے اہل

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے سیاحوں کے لیے نیا پیکج ویزا اقدام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت 7 ممالک کے شہری ایک ہی مربوط سفری پیکج کے ذریعے سیاحتی ویزا حاصل کرسکیں گے۔
سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق اس پروگرام میں پاکستان، اردن، مصر، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور میکسیکو کے مسافر شامل ہیں۔
نئے پیکج ویزا نظام کا مقصد مسافروں کے لیے سفری مراحل کو آسان بنانا ہے، جس کے تحت پرواز، لائسنس یافتہ ہوٹل میں قیام اور الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا ایک ہی بکنگ کے ذریعے حاصل کیا جا سکے گا۔
اس اسکیم کے تحت مسافروں کو الگ سے ویزا درخواست جمع کرانے یا سعودی سفارت خانے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ منظور شدہ ٹریول فراہم کنندگان کے ذریعے پیکج خریدنے کے بعد الیکٹرانک ویزا جاری کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق منظور شدہ سفری پیکج مکمل ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر ای ویزا جاری کیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو ویزا، سفری انشورنس اور دیگر دستاویزات ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
وزارتِ سیاحت نے فی الحال دو سفری فراہم کنندگان کو اس سروس کے لیے منظوری دی ہے، جن میں ریزرول اور الموسافر شامل ہیں۔
پیکج ویزا کے تحت جاری ہونے والا سنگل انٹری سیاحتی ویزا تین ماہ کے لیے قابلِ استعمال ہوگا، جبکہ زائرین سعودی عرب میں کم از کم 2 دن اور زیادہ سے زیادہ 88 دن قیام کر سکیں گے۔
