ہمارے شہداء کی توہین نہ کرو، یہ بیٹے پیسوں سے نہیں تولے جاتے، علامہ طاہر اشرفی
ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں کیونکہ وہ سرحدوں پر اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، میں فوجی جوانوں سے معافی مانگتا ہوں، شہداء کی ماؤں بچوں سے معافی مانگتا ہوں؛ چیئرمین علماء کونسل پریس کانفرنس میں آبدیدہ

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران شہداء کے خاندانوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی اور آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے شہداء کی توہین پر پوری قوم کی طرف سے معافی مانگی۔ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ میں فوج کے جوانوں سے معافی مانگتا ہوں، میں شہداء کی ماؤں اور معصوم بچوں سے معافی مانگتا ہوں جن کو خود سوشل میڈیا پر آکر یہ کہنا پڑا کہ ہمارے شہداء کی توہین نہ کرو، یہ وطن کے بیٹے اور ان کی قربانیاں کسی بھی قیمت، پیسوں یا دولت سے نہیں تولی جا سکتیں، میں خود ہر نماز میں اپنے لیے شہادت کی دعا مانگتا ہوں۔
علامہ طاہر اشرفی نے سخت لہجے میں واضح کیا کہ جب تک ہم زندہ ہیں، کسی کو بھی اپنے مقدس شہداء کی توہین کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، اسلامی ریاستوں کی سرحدوں کے محافظوں کی تو قرآن و حدیث میں قسمیں کھائی گئی ہیں، ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں کیونکہ وہ سرحدوں پر ہمارے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے کیونکہ اس فوج میں میرے اور آپ کے ہی سگے بھائی اور بیٹے موجود ہیں۔
سیاستدانوں اور مخصوص حلقوں کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیاست کے میدان میں آپ شوق سے اپنی سیاست چمکائیں، لیکن اپنے سیاسی مفادات کے لیے سرحدوں پر جانیں دینے والے ہمارے بچوں کی توہین بند کریں، آج دنیا پاکستان کو “لینڈ آف پیس” یعنی امن کی سرزمین کہہ رہی ہے اور یہ سب انھی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل نے ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج “فتنہ خوارج” اور “فتنہ ہندوستان” کو پوری قوم نے اچھی طرح پہچان لیا ہے، میری عوام اور تمام حلقوں سے پرزور اپیل ہے کہ وہ ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور کسی بھی صورت ان فتنوں کے سہولت کار نہ بنیں، بلکہ ملکی دفاع کے لیے قانون اور سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں۔
