فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق ریمارکس پر کراچی بار ایسوسی ایشن سراپا احتجاج، ریمارکس واپس لینے کا مطالبہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی بار ایسوسی ایشن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور شہدا کی قربانیوں سے متعلق دیے گئے ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں کسی بھی دنیاوی معاوضے سے بالاتر ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اس نوعیت کے بیانات شہدا کے وقار کو مجروح کرتے ہیں اور ان کے لواحقین سمیت پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے پاکستان کی خودمختاری، امن اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

اعلامیے میں مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے ریمارکس واپس لیں اور قومی مفاد کے پیش نظر شہدا کی بے مثال قربانیوں کا برملا اعتراف کریں۔

واضح رہے کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق ریمارکس پر تمام مکاتب فکر کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert