عمرہ نظام میں بڑی اصلاحات، نئے رولز نافذ کر دیئے گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات کے لیے نئے قواعد نافذ کر دیئے جن کا مقصد عمرہ نظام میں شفافیت، مؤثر نگرانی، فراڈ کی روک تھام اور زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے نئے قواعد کے مطابق عمرہ انتظامات وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔ جبکہ عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ نئی عمرہ پالیسی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہو گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی زائرین کو خدمات فراہم کر سکیں گی۔ جبکہ عمرہ کمپنیوں کو نسک معاہدوں کی فوری تصدیق کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔ جبکہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمرہ پیکیجز کی بکنگ صرف رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ کمپنیوں کے ذریعے ہی کرائیں۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں سے بکنگ کی صورت میں کسی بھی نقصان یا مسئلے کی ذمہ داری خود زائرین پر ہو گی۔ جبکہ شکایات کا ازالہ صرف تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے خلاف کیا جائے گا۔
نئے رولز کے تحت عمرہ پیکیجز کی ادائیگی صرف بینکنگ چینلز کے ذریعے کرنے اور تمام متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات سے عمرہ آپریشنز میں شفافیت آئے گی، دھوکہ دہی کے واقعات میں کمی ہوگی اور زائرین کو زیادہ محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
