عمران خان کے بیٹوں کا حکومت کو چیلنج، والد تندرست ہیں تو آزادانہ چیک اپ کروایا جائے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر والد تندرست ہیں تو ان کا آزادانہ چیک اپ کروایا جائے۔ ثبوت دیں کہ ہمارے والد بالکل تندرست ہیں۔
عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے آن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ وہ اپنے والد کو جیل سے باہر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وہ اپنے والد کی رہائی اور انہیں مبینہ طور پر مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کے معاملے پر مغربی ممالک کے دارالحکومتوں میں حکومتوں، ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کریں گے۔
قاسم خان نے کہا کہ انہوں نے امریکا میں پی ٹی آئی کے حامیوں سے بات کی ہے اور ان کی کوشش تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی بات کی جائے، تاہم اس وقت ٹرمپ کے مفادات مختلف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے انہیں تشویش ہے۔ اگر حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان کے والد بالکل صحت مند ہیں تو ان کا آزادانہ طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ اس کی تصدیق ہوسکے۔

سلیمان خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کو کبھی بے چین اور پریشان نہیں دیکھا، وہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، تاہم جب انہیں عمران خان کے بلڈ پریشر اور بے چینی کے مسئلے کا علم ہوا تو یہ ان کے لیے تشویش کا باعث بنا۔
انہوں نے کہا کہ والد سے آخری ملاقات 22 نومبر 2022 کو ہوئی تھی، جب عمران خان کو گولی لگی تھی، جبکہ آخری مرتبہ فون پر بات مارچ 2026 کو ہوئی تھی۔
سلیمان خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں صرف یہ ثبوت فراہم کردیا جائے کہ ان کے والد بالکل تندرست ہیں۔
قاسم خان نے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکمران اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے امریکی صدر کو نایاب معدنیات سے لے کر نوبیل انعام کی نامزدگی تک مختلف پیشکشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاندان نے ان کے پاکستان آنے کی خواہش کے حوالے سے برطانوی حکومت سے بھی رابطہ کیا، تاہم مطلوبہ تعاون نہیں مل سکا۔ دونوں بھائی متعدد مرتبہ پاکستان آنے کے خواہش مند رہے لیکن گرفتاری اور سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں ایسا کرنے سے روکا گیا۔
قاسم خان نے کہا کہ خاندان عمران خان کی گرفتاری اور طبی صورتحال کے معاملے پر عالمی برادری سے رابطے جاری رکھے گا۔ عمران خان کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں تک رسائی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سلیمان خان نے حکام پر سیاسی مخالفین کے ساتھ ناروا سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ’’آمریت کی جانب بڑھ رہا ہے‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert