نیٹ میٹرنگ درخواستوں سے متعلق اہم پیش رفت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیٹ میٹرنگ درخواستیں نمٹانے کے معاملے میں پاور ڈویژن نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے زیر التوا کیسز کو جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے متعلق درخواستوں کا بیک لاگ ختم کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) کو نیپرا کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ صارفین جنہوں نے 9 فروری 2026 سے پہلے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کر دی تھی، ان کی درخواستوں کو قواعد کے مطابق زیر غور لایا جائے گا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جن صارفین نے مقررہ تاریخ سے پہلے ڈیمانڈ نوٹس، نیٹ میٹرنگ لائسنس اور میٹر کی تبدیلی سمیت ضروری تقاضے مکمل کر لیے ہیں، انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ پی آئی ٹی سی کو نیٹ میٹرنگ کنکشنز کے حوالے سے بلنگ سسٹم اور متعلقہ سافٹ ویئر کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اہل کنکشنز کی معلومات سسٹم میں فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کا مقصد صارفین کیلئے مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ حقیقی اور اہل زیر التوا کیسز کو تیزی سے مکمل کرنا ہے۔ تمام ڈسکوز میں نیٹ میٹرنگ درخواستوں پر پیش رفت کی کڑی نگرانی بھی کی جائے گی۔
نیٹ میٹرنگ صارفین جنہوں نے مقررہ تاریخ سے پہلے تمام ضروری مراحل مکمل کر لیے ہیں، وہ اپنے کیس کی موجودہ صورتحال متعلقہ ڈسکو سے معلوم کر سکتے ہیں تاکہ کسی زیر التوا مرحلے کی صورت میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert