پاکستان پہلی بار آفیشل طور پر عالمی مقابلہ حُسن ’مس ورلڈ‘ کا حصہ بنے گا، انیقہ جمال نمائندگی کیلئے منتخب
پاکستان کی پہلی مس ورلڈ امیدوار کی تاج پوشی کیلئے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر نے انیقہ جمال کو مس ورلڈ پاکستان کا تاج پہنایا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تاریخ میں پہلی بار عالمی مقابلۂ حسن ’مس ورلڈ‘ میں باضابطہ طور پر شریک ہونے جا رہا ہے، اس عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی 24 سالہ انیقہ جمال اقبال کریں گی، لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران ان کی تاج پوشی کی رسم ادا کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی پہلی مس ورلڈ امیدوار انیقہ جمال اقبال کی تاج پوشی کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی، اس تقریب کے دوران مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر نے روایتی طور پر انیقہ جمال کو مس ورلڈ پاکستان کا تاج پہنایا، پاکستانی خواتین اس سے قبل مختلف عالمی مقابلۂ حسن میں انفرادی طور پر شرکت کرتی رہی ہیں، لیکن ’مس ورلڈ‘ کے پلیٹ فارم پر یہ پاکستان کی تاریخ کی پہلی باضابطہ اور آفیشل نمائندگی ہوگی۔
مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن کی سربراہ سونیا احمد نے اس موقع پر کہا کہ مس ورلڈ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت ناصرف عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگِ میل ہے بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی خواتین زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح اب بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ 24 سالہ انیقہ جمال اقبال ایک ماڈل ہیں، وہ اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹنگ میں ماسٹرز کی طالبہ ہیں، وہ اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف مقابلۂ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں، جن میں مس ارتھ، مس گلوبل، مس کاسو، مس ایکو انٹرنیشنل اور مس اورا انٹرنیشنل شامل ہیں، انہوں نے کوسوو میں منعقد ہونے والے ’فریڈم آف دی ورلڈ‘ مقابلے میں بیک وقت چار اعزازات اپنے نام کرکے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ انیقہ جمال اقبال صرف فیشن اور خوبصورتی کے میدان تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ وہ سماجی خدمات کے شعبے میں بھی متحرک ہیں، انہوں نے مس ورلڈ کے سب سے مقبول اور متاثر کن پروگرام ’بیوٹی ود اے پرپز‘ کے تحت پاکستان میں تھیلیسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا بچوں اور مریضوں کی مدد کو اپنی سماجی مہم کا مرکزی موضوع بنایا، جس کے تحت وہ عالمی سطح پر اس مرض کے خلاف شعور بیدار کریں گی۔
