بچو! آئندہ میں کبھی آپ کے منہ سے نہ سنوں کہ جی ہمیں تو سیاست کا کچھ پتہ ہی نہیں، مریم نواز

بچو اگر آپ کو سیاست میں دلچسپی نہیں ہوگی تو آپ کو کبھی پتہ نہیں چلے گا کہ کون سا انسان آپ کیلئے اچھا ہے اور کون سی جماعت آپ کیلئے اچھی ہے؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا عارف والا میں تقریب سے خطاب


عارف والا(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں اور طلبہ کو سیاست سے لا تعلق نہ رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ سیاست میں دلچسپی نہیں لیں گے تو انہیں کبھی اچھے برے لیڈر اور جماعت کی تمیز نہیں ہو پائے گی۔ عارف والا میں ’نواز شریف سکول آف ایمیننس‘ کے 10 اسکولوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بچو! آئندہ میں کبھی آپ کے منہ سے یہ نہ سنوں کہ جی ہمیں تو سیاست کا کچھ پتہ نہیں ہے، یا ہمیں تو سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اگر آپ کو سیاست میں دلچسپی نہیں ہوگی تو آپ کو کبھی پتہ نہیں چلے گا کہ کون سا انسان آپ کے لیے اچھا ہے اور کون سی جماعت آپ کے لیے بہترین کام کر رہی ہے۔


مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے تاریخی مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں صرف 1 ہزار نشستوں کے لیے 5 ہزار سے زائد طلبہ نے ٹیسٹ دیئے، ان اسکولوں میں کسی وی آئی پی کلچر کے بغیر، میرٹ کی بنیاد پر ایک ڈی ایس پی کا بچہ اور ایک غریب مزدور کا بچہ ایک ہی ڈیسک پر بیٹھ کر یکساں سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ خود پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کا اپنا بیٹا بھی ایک سرکاری اسکول میں زیرِ تعلیم ہے، جو کہ سرکاری تعلیمی نظام پر حکومت کے پختہ اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے کے انفراسٹرکچر میں انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، نئے کلاس رومز، فرنیچر اور پنکھوں جیسی تمام بنیادی سہولیات کی کمی دور کرنے کے لیے 40 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کر دیے گئے ہیں، اسکولوں میں سائنس، ریاضی اور کمپیوٹر لیبز کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی لیبز قائم کی جا رہی ہیں، اے آئی، مشین لرننگ اور روبوٹکس سیکھیں کیونکہ یہی مہارتیں اب مستقبل میں کامیابی کی واحد ضمانت ہیں، طلبہ کے لیے مزید 1 لاکھ لیپ ٹاپس اور 50 ہزار نئی ‘ہونہار اسکالرشپس’ دی جا رہی ہیں تاکہ ذہین طلبہ معاشی فکر سے آزاد ہو کر پڑھ سکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھ پر پنجاب کے 13 کروڑ عوام اور لاکھوں طلبہ کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، والدین بارشوں کے موسم میں بچوں کی حفاظت کا خاص خیال رکھیں اور انہیں غیر محفوظ عمارتوں یا جگہوں پر نہ بھیجیں، حال ہی میں ایک زیرِ تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی ہلاکت نے ان کا دل دہلا دیا ہے، انتظامیہ کو کھلے مین ہول بند کرنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں، تاہم کچھ شرپسند عناصر رات کے وقت ان کے لوہے کے ڈھکن چوری کر لیتے ہیں جس سے معصوم بچوں کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert