کراچی پورٹ پر تاریخ رقم: پہلی ‘رو-رو’ شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں پاکستان پہنچ گئیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کی پہلی رورو شپمنٹ سے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں ، روروجہاز کےذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمدتاریخی سنگ میل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی بحری تجارت اور گرین انرجی کے شعبے میں ایک انقلابی پیش رفت سامنے آئی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی خصوصی نگرانی میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی رو-رو شپمنٹ کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ پہنچ گئی ہے، جس کے ذریعے 2 ہزار سے زائد جدید الیکٹرک گاڑیاں درآمد کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں سے لدا ہوا وشال بحری جہاز ‘ایم وی گرینڈے شنگھائی’ کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر کامیابی سے لنگرانداز ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ‘رو-رو’ جہاز کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی درآمد پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے اور یہ ملک کی بحری تجارت اور بندرگاہی نظام میں جدیدیت کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہازوں میں گاڑیوں کو براہِ راست چلانے کے ذریعے جہاز پر لوڈ اور ان لوڈ کیا جاتا ہے، جس سے وقت کی بچت ہوتی ہے، اخراجات کم ہوتے ہیں اور گاڑیوں کی محفوظ ترسیل ممکن ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جدید بندرگاہی سہولیات سے پاکستان کی تجارتی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی، جبکہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی جدید شپنگ خدمات کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
