19 سال قبل میسی نے جس بچے گود میں اٹھایا اور نہلایا، وہی فائنل میں مدمقابل ہوگا!

ہوسٹن (قدرت روزنامہ) جس بچے کو 19 سال قبل میسی نے گود میں اٹھایا اور نہلایا ا وہی بچہ فیفا ورلڈ کپ فائنل میں اسٹار فٹبالر کے مدمقابل ہوگا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار 19 جولائی کو دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کو شائقین نے دونوں ٹیموں کے اسٹار فٹبالرز میسی اور لامین یامال کے درمیان مقابلہ بنا دیا ہے۔
ورلڈ کپ فائنل میں نئی نسل کے سپر اسٹار لامین یامال پہلی بار لیجنڈ لیونل میسی کے سامنے میدان میں اتریں گے، لیکن یہ ان کی پہلی ملاقات نہیں ہوگی۔ اس سے قبل دونوں 19 سال قبل بھی مل چکے ہیں۔
فائنل میچ میں میسی اور لامین یامال کے مدمقابل آنے پر سوشل میڈیا پر 19 سال پرانی ایک تصویر پھر سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں نوجوان میسی 5 ماہ کے لامین یامال کو گود میں اٹھائے ہوئے ہیں اور باتھ ٹپ میں اس کو نہلا رہے ہیں۔
اس وقت لمبے بالوں والے نوجوان میسی نے بارسلونا میں یونیسیف کے پروگرام کے تحت ایک چھوٹے بچے کو نہلایا اور گود میں اٹھایا۔ اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ یہ بچہ کوئی اور نہیں آج کا لامین یامال ہے۔
لامین کی فیملی قرعہ اندازی کے ذریعے اس پروگرام کا حصہ بنی تھی، جہاں بچوں کو بارسلونا کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع ملا تھا۔
اس وقت نہ میسی کے وہم وگمان میں ہوگا نہ ہی تصویریں بنانے والے فوٹوگرافروں نے سوچا ہوگا کہ دونوں کی ایک بار پھر ملاقات ہوگی، مگر وہ اسٹیج ورلڈ کپ کا فائنل ہوگا۔
یہ تاریخی تصویر کھینچنے والے فوٹو گرافر مورن فورٹ کا کہنا ہے وہ 1991 سے یہ کام کر رہے ہیں۔ انہیں تصویر بناتے وقت معلوم نہیں تھا کہ وہ اپنے کیریئر کی سب سے بہترین تصویر کھینچ چکے ہیں۔
میسی دفاعی چیمپئن ہیں جب کہ یامال نے یورو 2026 جیت رکھا ہے۔ فائنل میں دونوں کھلاڑی ہی دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
اب دیکھنا ہوگا کہ کل کا بچہ میسی سے ٹرافی چھینتا ہے یا پھر تجربہ کار چیمپئن کپتان اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہیں۔
