پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: نئی گاڑی کی رجسٹریشن ڈلیوری سے قبل لازمی قرار

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے نئی گاڑیاں خریدنے والے شہریوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام نئی گاڑیوں کی ڈلیوری سے قبل ان کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت کسی بھی نئی گاڑی کو سرکاری رجسٹریشن مکمل کیے بغیر شوروم سے خریدار کے حوالے نہیں کیا جا سکے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ کی ہدایات پر اس نئی پالیسی کا فوری نفاذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام آٹو موبائل کمپنیاں، مجاز ڈیلرشپس اور موٹر برانچ کے متعلقہ حکام ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن ڈلیوری سے قبل مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
حکام کے مطابق پنجاب کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے حامل خریداروں کو اب رجسٹرڈ گاڑی، سرکاری نمبر پلیٹ اور تمام قانونی دستاویزات ایک ہی وقت میں فراہم کی جائیں گی، جس کے بعد انہیں رجسٹریشن کے لیے ایکسائز دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
اس مقصد کے لیے مجاز ڈیلرشپس کو ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) کے تحت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گاڑی تیار کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی تمام مجاز ڈیلرشپس کی فہرست محکمہ ایکسائز کو فراہم کریں، جس کے بعد انہیں ڈی وی آر ایس لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرشپس ڈی وی آر ایس کے تحت رجسٹرڈ ہیں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ حکومت اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس نظام کو پورے صوبے میں مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔
فی الوقت ڈیلرشپس ہر گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے 2 ہزار روپے سروس فیس وصول کر رہی ہیں، تاہم ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس فیس میں معمولی اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق نئی پالیسی سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مزید شفاف ہوگا، ٹوکن ٹیکس، رجسٹریشن فیس اور دیگر سرکاری محصولات کی بروقت وصولی یقینی بنائی جا سکے گی، جبکہ خریداروں کو بھی ایک ہی مقام پر تمام قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔
