ایرانی حملے میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، پلانٹ میں آگ لگ گئی، کویت

کویت (قدرت روزنامہ)کویت کی وزارتِ بجلی پانی و توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے سے پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی، متعدد تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے، حملے کے باعث بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے۔

وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے نتیجے میں بجلی پیدا کرنے والے متعدد یونٹس متاثر ہوئے، جس کے بعد بجلی کے قومی نظام کو مستحکم رکھنے اور اثرات محدود کرنے کے لیے ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ کویت فائر فورس نے آگ پر قابو پا لیا ہے، جبکہ وزارت کی ہنگامی اور تکنیکی ٹیمیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصان کا جائزہ لینے، پلانٹ کو محفوظ بنانے اور متاثرہ یونٹس کو جلد از جلد بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

کویت کی وزارت بجلی پانی و توانائی نے کہا کہ تکنیکی عملہ 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے، قومی گرڈ کے استحکام کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ خلل سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

وزارت نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں بجلی کا استعمال محتاط انداز میں کریں تاکہ قومی بجلی کے نظام پر دباؤ کم رہے، مرمتی کام میں سہولت ہو اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔

خیال رہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوجیوں کی شہادت کے جواب میں شام میں امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں امریکی فوج کے التنف کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے، شہداء کے بدلے کیلئے التنف شام میں امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا، شام پر حملے میں ریڈار سسٹم، متعدد امریکی اسپیشل آپریشنز ہیلی کاپٹرز تباہ کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ایرانی فوجیوں کا خون کا بدلہ لیتے ہوئے بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا، پاسداران انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اردن میں امریکی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

اردنی فوج کا کہنا ہے کہ اردن کی جانب آنے والے 3 ایرانی میزائلوں کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا، کسی نقصان کی اطلاع نہیں۔

WhatsApp
Get Alert