دبئی کے رہائشیوں کیلئے نئی سکیم متعارف
دوستوں یا رشتہ داروں کو دبئی بلانے پر 3 ہزار درہم مالیت کے ڈسکاؤنٹ واؤچرز اور مفت ڈیلز فراہم کی جائیں گی

دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی نے اپنے رہائشیوں کے لیے ایک منفرد اور پرکشش اسکیم ’دبئی انوائٹ‘ (Dubai Invite) کا آغاز کر دیا، جس کے تحت دوستوں اور رشتہ داروں کو دبئی کی دعوت دینے والے رہائشیوں کو 3 ہزار درہم کی مالیت کے ڈسکاؤنٹ واؤچرز اور مفت ڈیلز فراہم کی جائیں گی، بلائے جانے والے مہمان یو اے ای کے رہائشی نہیں ہونے چاہئیں اور ان کے پاس درست ٹورسٹ ویزہ ہونا چاہیے یا وہ ‘ویزہ آن ارائیول’ کے اہل ہوں۔
خلیجی میڈیا کے مطابق دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکنامی اینڈ ٹورازم کی جانب سے شروع کی گئی اس سکیم کے تحت جو رہائشی اپنے پیاروں کو دبئی بلائیں گے انہیں مختلف مراعات ملیں گی، یہ پیشکش 20 جولائی سے 31 اکتوبر 2026ء کے درمیان اپنے دوستوں اور فیملی کو بلا کر رجسٹر کرنے والے تمام 18 سال سے زائد عمر کے یو اے ای رہائشیوں یعنی ایمریٹس آئی ڈی ہولڈرز کے لیے دستیاب ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رہائشی وزٹ دبئی (Visit Dubai) کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر ایک وقت میں 5 مہمانوں کی تفصیلات اور ان کی آمد کی تاریخیں درج کر سکتے ہیں، جیسے ہی مہمان دبئی پہنچیں گے، آرگنائزرز کو اطلاع مل جائے گی اور 3 کام کے دنوں کے اندر رہائشی کو ای میل کے ذریعے 3 ہزار درہم مالیت کے مختلف رعایتوں اور مفت پاسز کے واؤچرز بھیج دیئے جائیں گے، جو 31 دسمبر 2026ء تک کارآمد رہیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ سکیم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب فروری میں شروع ہونے والی ایران جنگ کے منفی اثرات خطے کی ہوٹلنگ اور سیاحتی انڈسٹری پر پڑے ہیں، سیاحتی اور کاروباری شعبے کو سہارا دینے کے لیے مئی میں دبئی حکومت نے 1.5 ارب درہم کے مالیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا، اس کے تحت ہوٹل رومز پر عائد فی نائٹ 20 درہم ٹیکس اور ہوٹلوں و ریسٹورنٹس کے بلوں پر عائد 7 فیصد میونسپلٹی ٹیکس ختم کر دیا گیا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ اسکیم کے تحت ملنے والے 3 ہزار درہم کے پیکج میں مختلف عالمی معیار کے ہوٹلوں، واٹر پارکس اور سیر و تفریح کی جگہوں پر بھاری رعایتیں اور مفت داخلہ شامل ہیں، میلیا ڈیزرٹ پام میں تمام رومز اور ولاز پر 45 فیصد ڈسکاؤنٹ سمیت اسپا اور کھانے پینے کے اضافی کریڈٹ شامل ہیں، می دبئی میں 35 فیصد رعایت اور روم اپ گریڈیشن اور دیگر جگہوں پر 100 فیصد کیش بیک ملے گا، علاوہ ازیں اکواوینچر ورلڈ اور آئی ایم جی ورلڈ آف ایڈوینچر کے مفت ٹکٹ، جبکہ گرینڈ حیات واٹر پارک پر 50 فیصد رعایت شامل ہے۔
