بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے، دریائے چناب میں پانی کا اخراج شروع

لاہور(قدرت روزنامہ)بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے، جس کے بعد دریائے چناب میں پاکستان کی جانب پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق پانی 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں داخل ہوگا۔ دریائے چناب کے کناروں پر رہنے والے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ میں دریائے چناب کے کناروں پر رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریبی مواضعات بھی زیرآب آسکتے ہیں، جبکہ ملتان اور مظفرگڑھ کے نشیبی دیہات کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ہیڈ مرالہ سے ہیڈ تریموں تک دریائے چناب سے ملحقہ تمام اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert