سندھ حکومت کی نئی الیکٹرک ٹیکسی سروس، خواتین ڈرائیورز ہونگی۔شرجیل میمن

کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جلد الیکٹرک سروس شروع کرنے والی ہے جس میں خواتین ہی ڈرائیورز ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ ہم نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان میں پہلی بار الیکٹرک بسیں متعارف کرائیں۔
بیان میں سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مفت پنک اسکوٹیز فراہم کر رہے ہیں، جس سے خواتین کی نقل و حرکت آسان اور معاشی حالت مضبوط ہوگی۔ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے خواتین کی درخواستیں 450 سے بڑھ کر 25 ہزار ہوگئی ہیں۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ تبدیلی روایتی سوچ کو بدلنے میں مددگار ثابت ہوئی۔ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کررہی ہے۔ ہم جلد خواتین ڈرائیورز کے ساتھ الیکٹرک ٹیکس سروس متعارف کرائیں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز اور بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ہم روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ حکومت فنی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متأثرین کیلئے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ متأثرین اپنے گھر خود بنا رہے ہیں جس سے ان کی تعمیراتی مہارت بڑھ رہی ہے۔ گھروں کی ملکیت خواتین کے نام منتقل کرکے انہیں سماجی طور پر بااختیار بنایا جارہا ہے۔
