لاہور میں ایک ہی اسپیل میں 263 ملی میٹر بارش سے سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع، ڈیفنس میں کشتیاں چل گئیں

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور میں آج ایک ہی اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر بارش ہوئی جس نےہر طرف پانی ہی پانی کر دیا۔
سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ ڈیفنس کےعلاقےمیں کشتیاں چل گئیں۔
ترجمان واسا کےمطابق لاہور ائیر پورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاجپورہ میں157.4،کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں133، مال روڈ پر116، مناواں میں 112.2، جوہرٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6ملی میٹر بارش ہوئی۔
لاہور میں ایک ہی اسپیل میں 263 ملی میٹر بارش سے سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع، ڈیفنس میں کشتیاں چل گئیں
فوٹو: پی پی آئی
ڈی ایچ اے میں اس قدر بارش ہوئی کہ پانی انڈر پاس کی چھت کےساتھ جا لگا، ہربنس پورہ انڈر پاس کو بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر نا پڑا۔
تاج پورہ میں گھروں میں پانی داخل ہونے سےشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، صحافی کالونی کے سامنےکینال روڈ، جلوپارک، میڈیکل اسکیم، تاجپورہ اسکیم اور دیگر آبادیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
کاہنہ کے قریب فیروز پور روڈ پرپھسلن کی وجہ سے موٹرسائیکل کھمبے سے جا ٹکرائی، حادثے میں سر میں چوٹیں لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے، ڈی ایچ اے فیز 4 میں ٹی آر گارڈر سے بنی گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
