مستونگ میں سیشن جج پر حملہ ریاستی بنیادوں اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے؛ فاضل جج انصاف کی علامت ہوتا ہے، شہادت ریاست اور عدلیہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے مینا مجید بلوچ
دشمن کے بزدلانہ اقدامات قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے؛ صوبائی مشیر کھیل کی شدید مذمت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں ان کی اور ان کے سیکیورٹی گارڈ کی شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس سفاکانہ واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک فاضل جج محض ایک سرکاری عہدیدار نہیں بلکہ ملک کے آئین، قانون اور انصاف کی پاسداری و بالادستی کی روشن علامت ہوتا ہے۔ عدل و انصاف کی فراہمی میں مصروف عمل شخصیات کو نشانہ بنانا دراصل ریاستی بنیادوں اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے شہید سیشن جج کی عدالتی و قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت کو ریاست اور عدلیہ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان اور عدلیہ کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مینا مجید بلوچ نے بارگاہ الٰہی میں شہداء کے بلندیٔ درجات، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ریاستی اداروں کی کوششیں پوری قوت اور شجاعت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
