مستونگ میں جج اور سیکیورٹی گارڈ کی شہادت، بلوچستان حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی، حافظ حمداللہ

حکومت زبانی جمع خرچ اور بیانات تک محدود، امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، جمعیت رہنما


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے مستونگ میں معزز جج اور ان کے سیکیورٹی گارڈ کی شہادت کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان میں ریاست اور حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔انہوں نے شہید جج اور ان کے سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔حافظ حمداللہ نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت صرف بیانات، دعوں اور پریس کانفرنسز تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومتی و ریاستی رٹ کہاں ہے؟ موجودہ حکومت اپنی بنیادی اور آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت صوبے کی مختلف قومی شاہراہوں پر آئے روز مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بے گناہ شہریوں کا قتل ہو رہا ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔جمعیت رہنما نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert