مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، وزیراعلیٰ بلوچستان کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے یکسو ہو کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارت کے سرپرست دہشت گرد گروہوں اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی اداروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کے اتحاد، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور ریاست کے غیر متزلزل عزم کے باعث دشمن کے تمام مذموم منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے۔
