مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن العزم کے تحت بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کیے گئے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں متعدد دیگر دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور پورے علاقے کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی ہے۔ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مربوط حکمتِ عملی کے تحت جاری ہیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مسلسل اور بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔
