5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل ہوگا، لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھیں گے: سہیل آفریدی


پشاور (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا 5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل ہوگا، اس میں لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھیں گے، جلسے کیلیے تمام ارکان کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلیے جلسہ پشاور موٹروے کے پاس منتقل کر دیا گیا، 15 اکتوبر 2025 سے تمام قانونی راستے اور افہام و تفہیم اپنائی، پی ٹی آئی قیادت مذاکرات سے مسائل حل کرنے کی خواہاں تھی، لیکن مخالفین نے ہماری مثبت کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کیلیے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے ملاقات کی کوشش کی، ایک تقریب میں چیف جسٹس کے سامنے عمران خان سے ملاقات کا مؤقف رکھا، کیونکہ بطور وزیر اعلیٰ اپنے قائد سے ملنا میرا آئینی و قانونی حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے فیصلے عمران خان کے وژن کے مطابق کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہماری ذاتی سیاسی حیثیت نہیں عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا، ان کو ملنے والا مینڈیٹ مسترد کرنا ساڑھے چار کروڑ عوام کی توہین ہے، وفاق منتخب حکومت کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی فیملی، بہنوں اور ڈاکٹروں کو بہترین علاج کی سہولت دی جائے، بانی پی ٹی آئی قوم کا اثاثہ اور مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں، تمام بیانیوں میں مخالفین کو شکست دینے کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اب پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ ہے، آئین ہر شہری کو اس کا حق دیتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert