کوئٹہ میں بیک وقت پیدا ہونے والے 5 بچوں میں سے 2 انتقال کر گئے

قبل از وقت پیدائش کے باعث وزن کم تھا، باقی 3 بچوں کی طبی نگرانی جاری


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چند روز قبل ایک مقامی خاندان میں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب ان میں سے 2 نومولود بچے زندگی کی جنگ ہار گئے۔
اہلِ خانہ کے مطابق بچوں کی طبیعت پیدائش سے ہی تشویشناک تھی اور انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا، مگر ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق پانچوں بچے قبل از وقت پیدا ہوئے تھے جس کے باعث ان کا وزن معمول سے کم تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز میں نومولود بچوں کو متعدد طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بچوں کے انتقال پر عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زیرِ علاج باقی 3 بچوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ڈاکٹروں کو امید ہے کہ مناسب علاج سے ان کی صحت میں بہتری آئے گی۔ شہریوں نے غمزدہ والدین کے لیے صبرِ جمیل اور زیرِ علاج بچوں کی مکمل صحت یابی کی دعا کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert