مستونگ میں سیشن جج کا قتل قابل مذمت، بلوچستان کے لوگوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ واضح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ بالکل واضح ہے۔ بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے، بلوچستان کی قیادت نے ہمیشہ ذاتی معاملات بالائے طاق رکھ کر وفاق کی حمایت کی، بلوچستان میں بسنے والوں نے پاکستان کی تخلیق میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 90 ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں، کل مستونگ میں سیشن جج کو قتل کردیا گیا، بلوچستان کے لوگوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ بالکل واضح ہے جبکہ افغان رجیم دہشتگردوں کو روکنے میں بالکل ناکام رہی ہے، ہمسایہ ملک کو بھی سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا، ایک منظم سازش کے تحت دہشتگردی واپس آئی، دہشت گردی کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے، ملک کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے کا وقت آ گیا ہے، پاکستان کی ترقی کے دوڑ میں چاروں صوبوں کی یکساں کاوشیں ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں عظیم کامیابیاں ملی ہیں، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتکاری کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
